Science

6/recent/ticker-posts
Visit Dar-us-Salam.com Islamic Bookstore Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.Visit their website at: https://dusp.org/

کیا زلزلے کی پیش گوئی کی جا سکتی ہے؟

زلزلوں ، سونامی اور لینڈ سلائیڈز کی تباہ کاریوں کو دیکھ کر لوگوں نے سوچا کہ اس آفت کا کیونکر قبل از وقت اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ سائنسدان طویل عرصہ سے ایسا طریقہ دریافت کرنے کے لیے کوشاں ہیں جسے کے ذریعے زلزلے کا قبل از وقت اندازہ کرنا ممکن ہو سکے ۔ اسی کوشش میں یہ بات سامنے آئی کہ بعض قدرتی مظاہر کا زلزلے سے گہرا تعلق ہوتا ہے جن میں جانوروں کا غیر معمولی رویہ ، بے قاعدہ برقیاتی ریڈنگ اور علاقائی ارضی کیمیاوی کیفیت میں تبدیلی شامل ہیں ۔

ایسے واقعات اور زلزلوں کے مابین تعلق جاننے کی متعدد کوششیں کی گئیں جن کے بعد انہیں زلزلے کی پیش گوئی کے لیے استعمال کرنے کی کوششیں بھی شروع کی گئیں۔ ان تمام باتوں کے باوجود ابھی تک زلزلے کی پیش گوئی کا طریقہ دریافت نہیں ہو سکا۔ اس سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آیا کبھی زلزلے کی مختصر مدتی پیش گوئی ممکن بھی ہو سکے گی یا نہیں۔ مندرجہ بالاسطور میں دیے گئے سوال کا جواب جاننے سے پہلے ان مظاہر پر ایک نظر ڈالنا ضروری ہو گا جن کا زلزلے سے گہرا تعلق ہے ۔

جانوروں کا غیر معمولی رویہ

 صدیوں سے یہ مشاہدہ ہوتا آیا ہے کہ زلزلے سے پہلے جانوروں کے رویے میں غیر معمولی تبدیلی پیدا ہو جاتی ہے۔ جاپانی ادب میں ایسی بہت سی باتیں ملتی ہیں کہ زلزلے سے پہلے مچھلیوں، پرندوں اور چھوٹے ممالیہ کی حرکات و سکنات میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی۔ مچھیروں کے حوالے سے یہ بتایا جاتا ہے کہ زلزلہ آنے سے قبل مچھلیوں کی بھاری تعداد خلاف معمول ایک جگہ سے دوسری جگہ ہجرت کر گئی یا گہرے پانی میں رہنے والی مچھلیاں زلزلہ آنے پر اپنی جگہ چھوڑ کر کم گہرائی میں آ گئیں ۔ ریکی ٹاکی نامی ایک جاپانی محقق لکھتا ہے کہ زلزلے سے کچھ دن یا اس سے چند گھنٹے قبل اس شہرمیں واقع تالاب کی مچھلیوں کا رویہ بھی ’’باغیانہ‘‘ ہو گیا ۔

یہ بات مشاہدے میں آئی کہ زلزلہ آنے والا ہو تو نمائشی ٹینک میں رکھی کیٹ فش تماشائیوں کی حرکات کا جواب گھبرائے ہوئے انداز میں دیتی ہے جبکہ عام حالات میں اس کا رویہ نارمل ہوتا ہے ۔ ریکی ٹاکی نے زلزلے کے دوران مچھلی کی رویے پر تحقیق سے خاصی شہرت پائی ۔ وہ لکھتا ہے ایسا بھی دیکھنے میں آیا کہ سارڈین مچھلیوں نے جو عموماً سمندر میں پلانکٹن نامی پودا کھاتی ہیں ، زلزلے سے قبل ڈائٹمز پودے کی بڑی مقدار کھا لی ۔ یہ بات حیرت انگیز حد تک خلاف معمول تھی ، مختلف علاقوں کے مچھیروں کا کہنا ہے کہ زلزلے سے پہلے مچھلیوں کی بھاری تعداد جال میں پھنسی ہے جبکہ عام حالات میں ایسا نہیں ہوتا ۔

زلزلے کے حوالے سے جانوروں کے غیر معمولی رویے کی اکثر باتیں فرضی معلوم ہوتی ہیں تاہم اس میں کچھ نہ کچھ حقیقت ضرور ہے۔ حالیہ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اکثر جانوروں میں ایسی حس پائی جاتی ہے جس کی بدولت وہ زلزلے کی لہروں کو بہت جلد محسوس کر لیتے ہیں۔ ایسے علاقوں میں رہنے والے جانور جہاں زلزلہ آنے کا امکان زیادہ ہو، دوسروں سے زیادہ حساس ہوتے ہیں۔ ان جانوروں میں ایسا جین پایا جاتا ہے جو زلزلہ آنے پر انہیں خبردار کر دیتا ہے ۔

اگر جانوروں کو زلزلے کا پہلے علم ہو جاتا ہے تو انہیں زلزلے کی پیش گوئی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ لیکن جانور ہم سے بات نہیں کر سکتے اور اسی وجہ سے یہ جاننا ممکن نہیں کہ کس موقع پر ان کا غیر معمولی رویہ زلزلے کے باعث ہے یا کوئی اور بات اس کا سبب بنی ۔ اس کے باوجود سائنسدان مایوس نہیں اور ایسا طریقہ دریافت کرنے میں مصروف ہیں جس کی بدولت زلزلے کی پیش گوئی کے لیے جانوروں سے مدد لینا ممکن ہو سکے گا ۔ اس مقصد کے لیے زلزلے کے دوران اور عام حالات میں جانوروں کے غیر معمولی رویے کا باریک بینی سے مشاہدہ کر کے مختلف طریقے وضع کیے جا رہے ہیں اور اس میں زلزلے کا مرکز اور اس سے جانوروں کا فاصلہ مدنظر رکھا جائے گا ۔ اس طریقہ کار میں قباحت یہ ہے کہ اکثر علاقوں میں زلزلے سے قبل جانوروں کے رویے کا ریکارڈ رکھنے کا کوئی انتظام موجود نہیں چنانچہ زلزلے کے دوران دیکھے جانے والے رویے کا پہلی حالت سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ مختلف النوع رکاوٹوں کے باوجود اس پر تحقیق جاری ہے ۔

 بے قاعدہ برقی ریڈنگ

زمین کی بالائی پرت کے ایسے حصے جہاں زلزلے آنے کا امکان ہو، اردگرد کی چٹانوں کی نسبت اچھے موصل ہوتے ہیں۔ بڑے درجے کا یہ ایصال فالٹ والے علاقے کے ساتھ ساتھ پڑنے والی دراڑوں کے باعث مائع کی مقدار بڑھنے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ فالٹ کے سلپ ہونے سے پہلے اور اس دوران اس علاقے میں مائع کی حرکت فالٹ زون کے برقی و مقناطیسی میدان میں تبدیلیاں پیدا کر دیتی ہے ۔ 17 اکتوبر 1989ء کو کوما پریٹا زلزلے سے ایک ماہ قبل ہی زیرزمین برقیاتی سگنلز کی نشاندہی کرنے والے آلات نے ان میں غیر معمولی تبدیلیوں کی خبر دے دی تھی یہ سگنل 12 ستمبر کو موصول ہوئے۔ زلزلے سے 13 دن قبل ان سگنلز کی آواز بڑھ گئی جو زیر زمین تبدیلیوں کی نشاندہی کرتی تھی۔ زلزلے سے کچھ دیر پہلے ان سگنلز میں ڈرامائی تبدیلی آگئی۔ یہ سگنل اکا دکا اور الگ تھلگ ریڈنگ ظاہر کرتے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ ان کی مدد سے مستقبل میں آنے والے زلزلوں کے بارے میں جاننا ناممکن نہیں تو بہت مشکل ضرور ہے ۔

ارضی کیمیاوی کیفیت میں تبدیلی

زیر زمین متحرک چٹانی پلیٹوں میں موجود مادے میں پیدا ہونے والی تبدیلیوں کو دیکھ کر بھی زلزلے کی پیش گوئی کی جا سکتی ہے۔ زمین میں زلزلے سے متعلق دباؤ میں تبدیلوں کے نتیجے میں چٹانی مادہ بالائی پرت میں حرکت کرنا شروع کر دیتا ہے ۔ عام طور پر اس مادے کی حرکت چٹانوں کے کمزور حصوں یعنی فالٹ وغیرہ کی جانب ہوتی ہے. اس عمل کے نتیجے میں زندہ یا متحرک فالٹ پر ہیلیم ، ریڈان، ہائیڈروجن مرکری، کاربن ڈائی آکسائیڈ اور دیگر عناصر کی مقدار بے قاعدہ انداز میں بڑھ جاتی ہے۔ جن جگہوں پر زلزلہ آنے کا امکان زیادہ ہو وہاں اس عمل پر نظر رکھ کر زلزلے کے بارے میں قبل از وقت اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔ اگرچہ اس طریقہ کار میں بھی کچھ خامیاں موجود ہیں تاہم سائنسدانوں کے مطابق فی الوقت زلزلے کی پیش گوئی کے لیے یہی سب بہتر طریقہ دریافت ہو سکا ہے اور مختلف اوقات میں اس کی مدد سے زلزلے کی سو فیصد پیش گوئی بھی کی جا چکی ہے ۔
 

Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments