ایک عرصے سے سیلف ڈرائیونگ کاروں کی تیاری اور اس میدان میں مختلف کمپنیوں کی طرف سے ہونے والی پیش رفت خبروں کا حصہ ہے۔ لیکن سیلف ڈرائیونگ گاڑیوں کی سڑکوں پر آمد اور کمرشل دسیتابی کے حوالے سے ’’گوگل کار‘‘ باقی حریفوں پر بازی لے گئی ہے۔ سٹرکوں اور ہائی ویز کے لئے اصول ضوابط تیار کرنے والے امریکی ادراے ’’نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن‘‘ نے گوگل کار کو انسانی ڈرائیور کے ہم پلہ قرار دینے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔ اس طرح گوگل کی بغیر سٹیرنگ اور بریک و سپیڈ پیڈل کار کی سڑکوں پر آمد کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
اس سے پہلے قانون کے مطابق کوئی بھی کار بغیر ’’انسانی ڈرائیور ‘‘ کے کسی بھی ہائی وے یا سڑک پرچلنے کی اہل نہیں تھی، مگر امریکی ادارے کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی میں تیز رفتار اضافے کی وجہ سے اب صورتحال پہلے سے بہت مختلف ہو چکی ہے۔ اسی لئے ہم مروجہ قوانین اور معیارات میں اضافہ و تبدیلیاں کرنے جا رہے ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ’’اگر کسی کار کو ڈرائیو کرنے کیلئے انسانی ڈرائیور کے متبادل کوئی سسٹم نصب ہو تو ہم اسی خودکار سسٹم کو کار کا قانونی ڈرائیور قرار دیں گے۔ کیونکہ گاڑی کی باگ ڈور اس میں موجود سواری کی بجائے خود کار سسٹم کے کنٹرول میں ہوتی ہے۔ اس پیش رفت کے بعد گوگل اپنی سیلف ڈرائیونگ کار جس میں روایتی گاڑیوں کے برعکس کوئی بھی سٹیرنگ یا بریکنگ و سپیڈ پیڈل نصب نہیں کو شاہراہوں پر لانے سے ایک قدم مزید قریب ہو گیا ہے۔
ان تمام قانونی تبدیلیوں کے بعد گوگل کار امریکہ میں رائج وفاقی موٹر گاڑی کے حفاظتی معیارات کے ٹیسٹ میں شامل ہونے کی اہل ہو جائے گی اور ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد گوگل کار امریکہ بھر کی سڑکوں پر چلنے کیلئے قانونی طور پر منظوری حاصل کر سکے گی۔ یاد رہے کہ دنیا بھر میں بہت سے اداروں کی جانب سے سیلف ڈرائیونگ کاروں کی تیاری کی کوششیں ایک عرصے سے جاری ہیں ، اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے ۔ سیلف ڈرائیونگ گاڑیوں کی سڑکوں پر آمد کے حوالے سے اصول و ضوابط اور حفاظتی معیارات وضع کرنے کیلئے امریکی حکومت نے 4 ارب ڈالرکی خطیر رقم مختص کی تھی۔
بہت سے ناقدین نے سیلف ڈرائیونگ گاڑیوں کو قانونی طور پر ڈرائیونگ کے قابل قرار دینے کیلئے جاری پیش رفت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان میں سے ایک کیلیفورنیا میں موجود ڈیپارٹمنٹ آف موٹر وہیکلز کے سربراہ بھی شامل ہیں جن کا ماننا ہے کہ ’’ہر کار میں ایک انسانی ڈرائیور ہر صورت میں موجود ہونا چاہیے۔‘‘ انکے ردعمل میں گوگل کا کہنا ہے کہ اس طرح کا بیان سیلف ڈرائیونگ گاڑیوں کی قانون سازی کیلئے پہلے سے ہی مبہم اور غیر واضح صورتحال کو مزید پیچیدہ کرنے کا باعث بنے گا۔
محمد دانیال
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.
0 Comments