Science

6/recent/ticker-posts
Visit Dar-us-Salam.com Islamic Bookstore Dar-us-Salam sells very Authentic high quality Islamic books, CDs, DVDs, digital Qurans, software, children books & toys, gifts, Islamic clothing and many other products.Visit their website at: https://dusp.org/

سی ٹی سکین کیا ہے؟

سی ٹی (کمپیوٹرائزڈ ٹوموگرافی) سکین میں ایکس رے اور کمپیوٹر کی مدد سے جسم کے اندرونی حصے کی تفصیلی تصویر حاصل کی جاتی ہے۔ اس عمل کو ہسپتالوں وغیرہ میں تربیت یافتہ افراد سرانجام دیتے ہیں جنہیں ریڈیو گرافر کہا جاتا ہے۔ 

ضرورت: سی ٹی سکین سے جسم کے اندرونی ڈھانچوں جن میں داخلی اعضا، خون کی شریانیں اور ہڈیاں شامل ہیں، کی تفصیلی تصویر حاصل کی جاتی ہے۔ انہیں مندرجہ ذیل صورتوں میں استعمال کیا جاتا ہے: تشخیص… اس میں ہڈیوں کو پہنچنے والا نقصان، داخلی اعضا کے زخم، خون کی روانی کے مسائل، سٹروک (دماغ کے کسی حصے کو خون کی فراہمی بند ہونا) اور سرطان شامل ہیں۔ مزید ٹیسٹوں یا علاج کے لیے رہنمائی… مثلاً سی ٹی سکین کو ریڈیوتھراپی سے قبل کسی گلٹی یا ٹیومر کے مقام، حجم اور شکل کے بارے میں جاننے ، یا نیڈل سے بائیوپسی (جس میں بافت کے چھوٹے حصے کو نکالا جاتا ہے) میں ڈاکٹر کی مدد کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ 

حالت کی نگرانی… مثلاً کینسر کے علاج کے دوران یا اس کے بعد کسی گلٹی کے حجم میں ہونے والے اضافے کی نگرانی کرنا۔ اگر علامات نہ ہوں تو عموماً سی ٹی سکین نہیں کیا جاتا، دوسرے لفظوں میں یہ ’’سکریننگ‘‘ کی طرح نہیں۔ تیاری: ماہر آپ کو بتا دے گا کہ کیا کرنا ہے اور کیا نہیں۔ سی ٹی سکین سے اچھی تصویر حاصل کرنے کے لیے آپ کو کئی گھنٹوں تک کھانا نہ کھانے کا مشورہ دیا جائے۔ اگر آپ کو کسی قسم کی الرجی ہے یا گردوں کا کوئی مسئلہ ہے، یا آپ ذیابیطس کے لیے کوئی دوا لے رہے ہیں تو ہسپتال میں متعلقہ افراد کو ضرور بتائیں تاکہ اسی مناسبت سے اہتمام کیا جا سکے۔ ناگزیر حالات کے علاوہ حاملہ خواتین کا سی ٹی سکین نہیں ہوتا۔ ایسی خواتین کو اپنی حالت کے بارے لازماً مطلع کرنا چاہیے۔

سی ٹی سکین کے لیے کھلے اور آرام دہ کپڑے پہننا مناسب رہتا ہے۔ زیورات اور دھات کی کوئی شے نہ پہنیں۔ پہننے کی صورت میں انہیں اتارنا پڑے گا۔ سکین سے قبل آپ کو بہتر تصویر کے لیے کوئی مادہ دیا جا سکتا ہے۔ اگر آپ کو سکین کرانے سے خوف آتا ہے یا تشویش ہوتی ہے تو ریڈیوگرافر کو بتائیں۔ وہ آپ کو پرسکون کرنے کے لیے مشورہ دے گا۔ ہو سکتا ہے کہ دوا دینے کی ضرورت پیش آئے۔ سکین کے لیے خصوصی کپڑے پہننے کا کہا جا سکتا ہے۔ سکین کے دوران آپ ایک سیدھے بستر پر لیٹ جاتے ہیں جو سی ٹی سکینر کے اندر جاتا ہے۔ اس دوران آپ کو ایک ہی حالت میں رہنا چاہیے اور نارمل سانس لینا چاہیے۔ کسی لمحے آپ کو سانس لینے، نکالنے یا روکنے کا کہا جا سکتا ہے۔ 

سکین میں عموماً 10 سے 20 منٹ لگتے ہیں۔ اس کے بعد آپ گھر اور کام پر جا سکتے ہیں، کھا اور پی سکتے ہیں۔ ڈرائیونگ بھی کر سکتے ہیں۔ سکین کے بعد نتائج میں کچھ وقت درکار ہوتا ہے۔ کمپیوٹر معلومات کو پراسس کرتا ہے۔ ریڈیالوجسٹ ان کا تجزیہ کرتا ہے۔ اس کے بعد وہ ایک رپورٹ لکھتا ہے جو ڈاکٹر کے پاس جاتی ہے۔ عام طور پر سی ٹی سکین مختصر، تکلیف کے بغیر اور محفوظ ہوتے ہیں۔ تاہم بعض اوقات سکین سے قبل دیے گئے مادے سے الرجی کا امکان ہوتا ہے۔ نیز ایکس رے کی تابکاری بھی استعمال ہوتی ہے جس کی مقدار کا انحصار اس امر پر ہوتا ہے کہ جسم کے کتنے حصے کا سکین ہوا۔ سی ٹی سکینر اس طرح ڈیزائن کیے جاتے ہیں کہ تابکاری کی سطح زیادہ نہ ہو۔ عموماً سی ٹی سکین سے اتنی ہی تابکاری جسم پر ڈالی جاتی ہے جتنی قدرتی ماحول میں چند ماہ یا سالوں کے دوران پڑتی ہے۔ اس تابکاری سے سرطان کے امکان میں برائے نام اضافہ ہوتا ہے۔ 

 ترجمہ: رضوان عطا 



Visit Dar-us-Salam Publications
For Authentic Islamic books, Quran, Hadith, audio/mp3 CDs, DVDs, software, educational toys, clothes, gifts & more... all at low prices and great service.

Post a Comment

0 Comments